جودھ پور،04؍ ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) راجستھان کے جودھ پورشہر کے قریبی دیولیا گاؤں کی سرحد میں آج صبح جنگی طیارہ مگ ۔27کریش ہو گیا۔غنیمت رہی کہ اس کے پائلٹ نے کو د کراپنی جان بچالی۔ جہازکے کھیت میں گرنے کی وجہ سے کسی طرح کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ پائلٹ کو فوجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔
فوجی ذرائع کے مطابق اس کے کورٹ آف انکوائری کے حکم جاری کیے گئے ہیں۔فی الحال موقع پر گاؤں والوں کا ہجوم لگا ہے اور پولس کے اعلیٰ حکام بھی وہاں پہنچ گئے ہیں۔ معلومات کے مطابق روزانہ کی طرح فوجی مشق کے تحت منگل کے روز بھی ایک مگ ۔27 کے پائلٹ نے مقررہ وقت پر پرواز بھری۔جہاز کے ڈانگیاواس کے دیولیا گاؤں کی سرحد میں پہنچنے پر اچانک تکنیکی خرابی کی وجہ سے اس میں اچانک آگ لگ گئی۔ اس کا احساس جیسے ہی پائلٹ کو ہوا اس نے جہاز سے چھلانگ لگا دی۔
ادھرطیارے کے گرنے کے ساتھ ہی دھماکے کی آوازہو ئی ۔ اسے سن کر آس پاس کے گاؤں والے جمع ہو گئے ۔ہوائی جہاز کے کریش ہونے کی اطلاع پر مقامی پولس انتظامیہ کے ڈانگیاواس پولیس تھانہ انچارج سریندر سنگھ، بناڑ تھانہ انچارج ذوالفقار علی اور اے سی پ منڈور نویتا کھوکھر وغیرہ وہاں پہنچے۔ فوج کے افسرا ن بھی موقع پر پہنچے۔ فی الحال پائلٹ کو محفوظ حالت میں فوجی اسپتال لے جایا گیا ہے۔ فوج کی طرف سے کورٹ آ ف انکوائری کے حکم دیئے گئے ہیں۔ موقع پر جہاز مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گیا ہے۔